کوپل ، 24/جون (ایس او نیوز/ایجنسی)کوپل شہر کے بھاگیہ نگر علاقہ میں ایک چھوٹے شیڈ میں رہنے والی 90 سالہ خاتون گریجماں کو اس وقت زبردست ذہنی صدمہ پہنچا جب اسے ایک لاکھ روپے کا بجلی بل موصول ہوا۔
یہ معمر خاتون ہر ماہ 70 تا 80 روپے کا برقی بل ادا کیا کرتی تھی۔ گریجماں اپنی روزی روٹی کمانے کے لئے جدوجہد کرتی ہے۔ وہ زاروقطار رورہی تھی اور اس نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اسے اس صورتِ حال سے نکالے۔
میڈیا کی جانب سے سوال اٹھائے جانے پر وزیر کے جے جارج نے آج کہا کہ میٹر میں خرابی کی وجہ سے اسے غلط رقم کا بل موصول ہوا ہے۔ اسے بل ادا کرنے کی ضرورت نہیں۔
وزیر کے اس بیان کے بعد گلبرگہ الکٹریسٹی سپلائی کمپنی (جسکوم) کے ارکان ِ عملہ اس کے شیڈ کی طرف دوڑپڑے۔ اکزیکٹیو انجینئر راجیش نے بجلی میٹر کا معائنہ کیا اور کہا کہ یہ ایک تکنیکی غلطی ہے۔
اسٹاف اور بل کلکٹر کی غلطی کی وجہ سے اسے زیادہ بل موصول ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس خاتون کو بل ادا کرنے کی ضرورت نہیں۔ بوڑھی خاتون کو یہ سن کر راحت حاصل ہوئی اور اس نے ہاتھ جوڑکر عہدیدار اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔
اس واقعہ پر عوام میں برہمی پھیل گئی۔ ریاست بھر کے لوگ بجلی کی شرحوں اور بجلی بلوں میں اضافہ سے ناراض ہیں۔
کانگریس حکومت جس نے گرہالکشمی اسکیم کے تحت ہر گھر کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہی کا وعدہ کیا تھا‘ ان کے تلخ احساسات کو دور کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ صنعتی اداروں نے بھی بجلی شرحوں میں اضافہ کے خلاف بطور احتجاج بند منانے کی اپیل کی ہے۔